پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز گراؤنڈ میں بارش کی وجہ سے کھیل کے آغاز میں تاخیر کاامکان ہے۔
ٹیسٹ کا پہلا اور دوسرا روز بھی بارش سے متاثر ہوا تھا تاہم اس کے باوجود ابتدا میں جلد وکٹیں گنوانے کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں بورڈ پر 312 کا ٹوٹل سجایا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 122 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔سری لنکا کے اینجلو میتھیوز نے 64 اور سدیرا سماراوکرما نے 36 رنز بنائے۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی 101 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد آغا سلمان اور سعود شکیل ڈٹ گئے جس کی وجہ سے پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے ہیں۔
آغا سلمان اور سعود شکیل 61 اور 69 رنز کے ساتھ آج اگر بارش رکتی ہے تو پاکستان کی طرف سے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کریں گے، پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 91 رنز درکار ہیں۔