پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک نے بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر اپنی الگ جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹرین بنانے کا اعلان کیا۔ سابق وزیراعلیٰ محمود خان، سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی اور سابق وزیراشتیاق ارمڑ بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہو گئے۔
پرویز خٹک نے کئی سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز کو پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت ہے جبکہ پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ 57 سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز ان سے رابطے میں ہیں۔
پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو بچانے کے وعدے کرنے والے اب اسکا فون بھی اٹینڈ نہیں کرتے ، اب بھی وقت ہے عمران خان سیاست سے ریٹائر منٹ لیں اور خود کو قانون کے حوالے کرکے کیسز کا سامنا کریں تو پارٹی بچ سکتی ہے۔
عمران خان مجھے شوکاز نوٹس کا شوق پورا کرلیں ، لیکن مجھے آنکھیں دکھانا عمران نیازی کی اتنی حیثیت نہیں، میں جب سیاست میں آیا عمران نیازی کرکٹ کھیلتا تھا، خیبر پختونخوا میں 2013 کو حکومت میں نے بنائی تھی، اب دیکھتا ہوں عمران نیازی خیبر پختونخوا سے کتنی سیٹیں نکالتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو کھل کر بولا تمہارا کام تمام ہوگیا ہے، عمران نیازی کی سیاست پاکستان میں مزید دو مہینے تک کی مہمان ہے، دو مہینے بعد تحریک انصاف کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہوگا۔
عمران خان نے اپنے پاؤں پر خود ہی کلہاڑی مار دی ہے، عمران خان جتنا جھوٹا آدمی پاکستان میں نہیں دیکھا، میرے پاس وزارت دفاع تھی نہ کہ وزارت جھوٹ کا دفاع۔ کارکن بھی عمران خان کے جھوٹ سے تنگ آگئے ہیں جھوٹ کا دفاع نہیں کرسکتے نہ ہی ملک میں انارچاہتے ہیں۔