دبئی: ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے اے سی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

ہم نیوز  |  Jul 16, 2023

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے دبئی میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اے سی سی نے رواں سال 31 اگست سے 17 ستمبر تک جاری رہنے والے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس کی صدارت اے سی سی کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ کریں گے۔

اے سی  سی کے اس ہنگامی اجلاس میں ایشیا کپ میں شامل ٹیموں کے تمام نمائندے شامل ہوں گے۔ ایشیا کپ شیڈول کو حتمی شکل دینے کے علاوہ اے سی سی کے رکن ٹورنامنٹ کیلئے ٹیلی ویژن رائٹس اور دیگر لاجسٹک انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام اس وقت جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ہونے والے انٹرنشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ ڈربن میں ہونے والی ملاقاتوں کے بعد وہ اے سی سی کے نمائندوں سے ملاقات کیلئے دبئی جائیں گے۔

خیال رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کیلئے ہائبرڈ ماڈل اپنایا ہے جس کے تحت چار میچز پاکستان میں ہوں گے جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل سمیت ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ ایشیا کپ کا دوسرا حصہ دبئی منتقل ہونے کا امکان ہے۔ سری لنکا میں مسلسل بارشوں کے پیش نظر پی سی بی ایشیا کپ کا دوسرا حصہ دبئی منتقل کروانے کا خواہشمند ہے۔

دوسری طرف بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی ایشیا کپ کے چار سے زائد میچز پاکستان میں کرانے کا خواہش مند ہے۔ پی سی بی لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کروانا چاہتا ہے۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچز کی متوقع تاریخ 5 اور 10 ستمبر سامنے آئی ہے۔ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرا 10 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More