رواں سال بھارت میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ون ڈے ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے کا بخار سر چڑھ کر بولنے لگا، میچ کی ٹکٹس سے لے کر جہاز کے کرایوں تک میں بڑا اضافہ۔
بھارتی خبر رساں ادارے ‘ہندوستان ٹائمز’ کے مطابق پاک بھارت ٹاکرے کی ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد احمد آباد جانے والے جہاز کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ میچ سے قبل دہلی اور ممبئی سے احمد آباد جانے کا کرایہ 20 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا۔
بھارتی میڈیا نے بتایا ہے 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول پاک بھارت ٹاکرے سے ایک روز پہلے تک کی ائیر ٹکٹس میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ دہلی سے احمد آباد اور ممبئی سے احمد آباد جانے والے مسافروں کی ایئر ٹکٹوں میں زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت دہلی اور ممبئی سے احمد آباد کا براہِ راست ایئر ٹکٹ 15 سے 22 ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ بھارتی ٹریول ایجنٹ کے مطابق اگست اور ستمبر کے مہینوں میں یہی ون وے ٹکٹ 3 ہزار روپے تک بھی دستیاب ہے۔
ٹریول ایجنٹس کے بعد پاک بھارت میچ کے اعلان کے بعد سے ٹکٹوں میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ اسے سے پہلے احمد آباد کے ہوٹل کے کرایوں میں بھی اضافے کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے بعد بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ ہوٹل کے کمروں کی بکنگ بھی نایاب ہوگئی ہے۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ حال ہی میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے میچز کی ٹکٹوں کی قیمت سامنے آئی تھیں۔ پاکستان کے انگلینڈ اور بنگلادیش کے خلاف میچزکے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 800 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت 2200 بھارتی روپے ہوگی۔