محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی نوید سنائی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تا ہم کشمیر، خطہ پوٹھوہار،اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آندھی/تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں والے علاقوں میں الرٹ جاری کیا گیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم وسطی/ جنوبی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پربارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوہلو، گرسنی، لاسے زئی، تمبو، جاندران، منجھرا اور ماوند وگرد و نواح میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب، پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
اسلام آباد اور گردونواح میں تیز بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بادل برسنے پر وفاقی دارالحکومت کا ہر منظر خوبصورت اور بھیگا بھیگا نظر آرہا ہے۔ ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ جاری موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
سیالکوٹ میں سخت گرمی اور حبس کے بعد خوب ابرحمت سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے تاہم نشینی علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔ شرقپورشریف شہر اور گردونواح میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی اورموسم خوشگوار ہوگیا۔ ننکانہ صاحب میں ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ بارش ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔