ہڑتال شروع کرنے سے پہلے ہالی وڈ اداکاروں کے سٹوڈیوز سے مذاکرات بے نتیجہ ختم

اردو نیوز  |  Jul 13, 2023

ہالی وڈ اداکاروں کی نمائندگی کرنے والی یونین نے ہڑتال یا کام بند کرنے سے پہلے سٹوڈیوز کے ساتھ جاری بات چیت کسی معاہدے کے بغیر ختم کر دی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سکرین ایکٹرز گلڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چار ہفتے سے زیادہ جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد الائنس آف موشن پکچر اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز (اے ایم پی ٹی پی) اپنے ارکان کے لیے ضروری مسائل پر منصفانہ ڈیل پیش کرنے میں ناکام رہا۔‘

الائنس آف موشن پکچر اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز نیٹفلکس اور ڈزنی سمیت سٹوڈیوز کی نمائندگی کرتا ہے۔

اداکار یونین اور سٹوڈیوز میں مذاکرات دو ہفتے مزید جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد انڈسٹری میں جاری اداکاروں کی ہڑتال جولائی کے وسط تک عارضی طور پر ٹل گئی تھی۔

اداکاروں کی یونین کے ارکان کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب ہے۔ سکرین ایکٹرز گلڈ سے پہلے لکھاریوں کی یونین ’رائٹرز گلڈ‘ بھی مطالبات پورے نہ ہونے پر ہڑتال پر چلی گئی تھی۔

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق لکھاریوں کی تنظیم رائٹرز گلڈ آف امریکہ کی جانب سے 15 برس میں پہلی بار کام روکنے کی وجہ سٹوڈیوز کے ساتھ زیادہ معاوضوں کے معاہدے تک نہ پہنچ پانا ہے۔

رائٹرز گلڈ اور الائنس آف موشن پکچر اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز کے درمیان مذاکرات میں ان نکات پر بات کی گئی تھی کہ لکھاریوں کو ان شوز کی ادائیگی کیسے کی جاتی ہے جو برسوں تک سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر موجود رہتے ہیں۔

یہ نکتہ بھی اُٹھایا گیا کہ لکھاریوں اور کہانی نگاروں کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے مستقبل کیسے متاثر ہو سکتا ہے۔

 پچھلی ہڑتال 100 روز تک چلی تھی جس کی وجہ سے کیلیفورنیا کی معیشت کو دو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

اے ایم پی ٹی پی نے کہا تھا کہ اس نے لکھاریوں کے لیے زیادہ تنخواہ سمیت جامع پیکج کی تجویز پیش کی ہے تاہم وہ اس پیشکش کو مزید بہتر بنانے کے لیے تیار نہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More