بیونسے اور ٹیلر سوفٹ کے میوزک ٹوورز، ارب ڈالر کما کر نئی تاریخ رقم کرنے پر نظر

اردو نیوز  |  Jul 13, 2023

امریکہ میں میوزک شوز اور کنسرٹس تو بڑے پیمانے پر ہوتے ہی رہتے ہیں لیکن گلوکاروں بالخصوص پاپ سٹارز کے نزدیک میوزک ٹوورز زیادہ اہمیت رکھتے ہیں جس میں وہ مختلف ممالک میں جا کر پرفارم کر سکتے ہیں۔

امریکی میوزک انڈسٹری میں ملکہ پاپ کا درجہ رکھنے والی بیوسنے اور ٹیلر سوفٹ کا شمار بھی ان گلوکاروں میں ہوتا ہے جو بڑے اور شاندار میوزک ٹوورز کے لیے مشہور ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں سال 2023 میں میوزک ٹوورز کی بھرمار رہی ہے اور اسی حوالے سے ٹیلر سوفٹ اور بیونسے کے متعلق بھی اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ کیا وہ اپنے ٹوورز سے ایک ارب ڈالر کما پائیں گی۔

کورونا کی عالمی وبا کے بعد لائیو انٹرٹینمنٹ کی ڈیمانڈ میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور کنسرٹس کے مقابلے میں میوزک ٹوورز ویسے بھی گلوکاروں کے لیے کمائی کا بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔

امریکہ میں سال 2023 کو میوزک کے لیے بڑا سال قرار دیا جا رہا ہے جہاں ملک بھر میں کنسرٹس کے لیے سٹیج سجائے گئے ہیں۔

معروف گلوکار پنک، بروس سپرنگسٹین اور ڈریک سے لے کر کولڈ پلے جیسے بڑے میوزک گروپس کے کنسرٹس کے لیے امریکہ بھر کے سٹیڈیمز میں تیاریاں جاری ہیں۔

میوزک کے کاروبار پر مطالعہ کرنے والی امریکی یونیورسٹی کی پروفیسر سٹیسی میریڈا کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیک وقت اور ایک ہی جگہ پر اتنی بڑی تعداد میں گلوکاروں کو نہیں دیکھا۔

میوزک ٹوورز کی بنیاد رکھنے والی پاپ کوئین میڈونا نے جولائی کے وسط میں اپنے ٹوور کا آغاز کرنا تھا لیکن بیماری کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    View this post on Instagram           A post shared by Taylor Swift (@taylorswift)

64 سالہ گلوکارہ نے 1990 کی دہائی کے آغاز میں اپنا پہلا ٹورر کیا تھا جس میں انہوں نے بڑے سیٹ اور شاندار کوسٹیوم متعارف کروائے تھے۔

آج کل 33 سالہ ٹیلر سوفٹ کا ’ایراز ٹوور‘ جاری ہے اور اس دوران وہ پانچ براعظموں میں 131 کنسرٹس کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

جبکہ دوسری جانب بیونسے نے بھی اپنے ’رینیسانس ٹوور‘ کا آغاز کر دیا ہے جس میں امریکہ اور کینیڈا سمیت یورپی ممالک شامل ہیں۔

ان پاپ کوئینز کے متعلق یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اپنے ان میوزک ٹوورز سے شاید وہ ایک ارب ٖڈالر کمانے والے گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہو جائیں، اور اگر ایسا ہو گیا تو وہ ایلٹن جان کو پیچھے چھوڑ کر نئی تاریخ رقم کریں گی۔

ایلٹن جان کے ’فیرویل ییلو برک روڈ‘ نامی میوزک ٹوور کا آغاز 2018 میں ہوا تھا جس کا آخری شو 8 جولائی کو یورپی شہر سٹاک ہوم میں ہوا ہے۔

بل بورڈ باکس سکور کے مطابق جون 18 تک ایلٹن جان اس ٹوور سے 91 کروڑ ڈالر کما چکے تھے۔

ایلٹن جان نے ایڈ شیرین کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جنہوں نے 2017 سے 2019 کے ٹوور کے دوران 70 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کما کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More