سعودیہ پھر مدد کو آگیا ۔۔ اب کتنا پیسہ دیکر پاکستان کی معیشت کو بچالیا؟

ہماری ویب  |  Jul 11, 2023

اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کو تقویت دینے کے لیے سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں 2 ارب ڈالر جمع کرادیئے ہیں۔

یہ پیش رفت آئی ایم ایف کے ساتھ حال ہی میں حاصل کیے گئے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے جو پاکستان کے مالی استحکام کے لیے ایک اور راحت کا باعث ہے۔

وزیرخزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے رقم کی فراہمی کا اعلان تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی جانب سے مشکل معاشی دور میں سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

اپنے خطاب کے دوران وزیر خزانہ نے مستقبل کے لیے پرامید بھی ظاہر کی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بتدریج مستحکم ہو رہی ہے اور سعودی عرب کی جانب سے فنڈز کی آمد سے ملک کے مالی امکانات مزید بہتر ہوں گے۔اسحاق ڈار نے مزید کہاکہ سعودیہ سے رقم کی فراہمی نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا ہے۔

وزیرخزانہ کے اعلان کے بعدوزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام کی طرف سے میں اسٹیٹ بینک میں 2 بلین امریکی ڈالر جمع کرانے پر مملکت سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے بھائی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے پاکستان کی مالی مدد کو یقینی بنایا،یہ ڈپازٹ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More