پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے نامزد امیدوار ذکا اشرف اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کے درمیان ملاقات شیڈول ہے۔ یہ ملاقات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سالانہ میٹنگ کی سائیڈ لائنز پر ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز کی تعداد بڑھانے پر بات ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے میں سری لنکا میں ہونے والے میچز کے وینیوز پر بھی بات ہوگی۔
خیال رہے کہ رواں سال ہونے والے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے معاملات کے بعد پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ عہدیداران پہلی مرتبہ ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں قومی ٹیم کی بھارت میں ہونے والے ون ڈے ولڈکپ میں شرکت کے معاملے پر بھی بات کی جائے گی۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو میٹنگز کا آج سے ڈربن میں آغاز ہو رہا ہے۔ آئی سی سی کی یہ سالانہ میٹنگ 13 جولائی تک جاری رہے گی۔ پاکستان کی طرف سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نمائندگی کریں گے۔
سالانہ میٹنگ میں رواں سال بھارت میں کھیلے جانے والے ون ڈے ورلڈکپ کے امور پر بات ہوگی۔ اسی طرح آئندہ برس ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی جائے گی۔