متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 8 گھنٹے سے زائد کام کرنے والے ملازمین کو اوور ٹائم دینے کا حکم دیا ہے۔
وزارتِ افرادی قوت و اماراتائیزیشن کے ماتحت صحت و پیشہ ورانہ سلامتی ادارے کے ڈائریکٹر ابراہیم العماری کی طرف سے یہ احکامات، امارات کے قوانین کے تحت دیے گئے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر کوئی ادارہ 8 گھنٹے سے زیادہ کام کرواتا ہے تو اسے اوور ٹائم ادا کرنا ہوگا۔
ابراہیم العماری کا کہنا تھا کہ تمام کمپنیوں کو گرمی کے موسم میں دوپہر میں کُھلے مقامات پر کام کرنے پر پابندی کے دورانیے کے بعد روزانہ ڈیوٹی کے 8 گھنٹے مکمل کرانا ضروری ہے۔
ڈائریکٹر صحت و پیشہ ورانہ سلامتی ادارے نے کہا کہ دوپہر کے اوقات میں کُھلے مقامات پر ڈیوٹی دینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ مزدوروں کی صحت اور سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسا فیصلہ کرنے والا پہلا ملک یو اے ای ہے۔
خیال رہے کہ موجود ہ اماراتی قانون کے تحت دوپہر ساڑھے 12 بجے سے 3 بجے تک ملازمین سے کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جا سکتی۔ اس قانون کے تحت یہ پابندی 15 ستمبر تک لگائی گئی ہے۔