قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں اگر ہم بھارت سے ہار بھی جاتے ہیں لیکن ورلڈکپ جیت جائیں تو ہماری جیت یہی ہوگی۔
اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے رواں سال بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد ٹورنامنٹ جیتنا ہے۔ اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ جیت گیا اور ورلڈ کپ ہار گیا تو اس جیت کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ہماری توجہ ٹرافی گھر لانے پر ہونی چاہیے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت ٹاکرا ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک ہوتا ہے، اس میچ میں کافی دباؤ ہوتا ہے۔ اس سب کے باوجود ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے جنون میں مبتلا ہونے کے بجائے پاکستان ٹیم کے ٹورنامنٹ جیتنے پر توجہ ہونی چاہیے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیلنے کی ایک الگ ہی خوشی ہوتی ہے۔ اب جب ٹیم بھارت جارہی ہے اور ٹورنامنٹ انکے ہوم گراؤنڈ پر ہوگا، ہجوم بھی ہمارے خلاف ہوگا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائینگ راؤنڈ میں جیتنے والی ٹیم سے حیدرآباد میں کھیلے گا۔ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں بھارت کے سب سے بڑے ‘نریندرا مودی اسٹیڈیم’ میں پاک بھارت ٹاکرا کا میدان سجے گا۔
آئی سی سی شیڈول کے مطابق ورلڈکپ کے سیمی فائنل 15 اور 16 نومبر کو ممبئی اور کولکتہ میں کھیلے جائیں گے۔ ورلڈکپ کے فائنل کا میدان 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں سجے گا۔