قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں پاکستان ضرور ٹاپ فور میں جائے گا، پاکستانی ٹیم نے برصغیر کی کنڈیشنز میں ہمیشہ اچھا پرفارم کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارتی کنڈیشز پاکستان کیلئے زیادہ مختلف نہیں ہوں گی۔ انڈیا ہو یا سری لکا، پاکستانی ٹیم پُراعتماد انداز میں ورلڈکپ میں جائے گی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے بھارتی وینیوز پر بلاوجہ اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔ جہاں میچز شیڈول کیے گئے ہیں، بہتر ہے وہاں کھیل لیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ اگر کسی معاملے پر سخت مؤقف اختیار بھی کرنا ہے تو کریں لیکن کھیل کو کھیل رکھیں۔ کوئی مؤقف اختیار کرنے سے پہلے یہ ضرور سوچ لیں کہ اس پر قائم رہ سکتے ہیں یا نہیں ورنہ بعد میں جگ ہنسائی ہوتی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، اس کی کپتانی میں کوئی مسئلہ نہیں۔ ہم مسئلہ نکالنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ بالکل درست سمت میں جارہا ہے۔ کھیل پر فوکس رکھے اور اپنی کرکٹ انجوائے کرے۔
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ انکا بھارت میں بطور کمنٹیٹر اور سابق کھلاڑی اچھا تجربہ رہا ہے۔ معاملات ایک سے دوسری حکومت کے درمیان ہوتے ہیں، جو بھی بھارت جاتا ہے چاہے ایکٹر ہو یا کھلاڑی اچھا رسپانس ملتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی موجودہ صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی قیادت میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے پلیئرز پر بھی پریشر ہوتا ہے۔ اُن کے وقت میں بھی جب چیئرمین بدلتا تھا تو پلیئرز پریشان رہتے تھے کہ اب کیا پالیسی ہوگی اور کپتان کون ہوگا۔