سلمان خان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے: گینگسٹر گولڈی برار

اردو نیوز  |  Jun 27, 2023

کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کو ہر حال میں قتل کریں گے۔‘

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق گینگسٹر گولڈی برار نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ’ہم نے گلوکار سدھو موسے والا کو مارا اور اب ہر حال میں سلمان خان کو نشانہ بنائیں گے۔‘

پچھلے کچھ عرصے کے دوران سلمان خان کو جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں جن میں کچھ خطوط اور کچھ فون کے ذریعے دی گئیں جس کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی سکیورٹی بڑھا دی ہے اور سلمان خان کے گھر کے باہر بھی پہرا لگا دیا گیا ہے۔

گولڈی برار کا کہنا تھا کہ ’سلمان خان کو قتل میری زندگی کا سب سے بڑا مشن اور مقصد ہے۔‘

انہوں نے لارنس بشنوئی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’بھائی صاحب کا کہنا ہے کہ وہ ان (سلمان خان) کو معافی نہیں دیں گے۔‘

گولڈی برار نے سدھو موسے والا کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت مغرور ہو گئے تھے (فوٹو: ٹوئٹر، سدھو موسے والا)انہوں نے بتایا کہ ’جیسا کہ ہم نے پہلے بتایا تھا کہ یہ صرف سلمان خان سے متعلق نہیں ہے بلکہ جب تک زندہ ہیں اپنے دشمنوں کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ سلمان خان ہمارا اولین ہدف ہے اور اس میں کوئی شک کی بات نہیں ہے۔‘

’ہم اپنی کوشش جاری رکھیں گے اور جب کامیاب ہوں گے تو سب کو پتہ چل جائے گا۔‘

انہوں نے سدھو موسے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو سبق سکھانا ضروری ہو گیا تھا کیونکہ وہ بہت مغرور ہو گئے تھے۔‘

’وہ ایک اناپرست انسان تھے، انہوں نے اپنی سیاسی حیثیت اور پیسے کا غلط استعمال کیا، اسی لیے سبق سکھایا گیا۔‘

جیل میں قید لارنس بشنوئی بھی سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش کا اعتراف کر چکے ہیں (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)ان کا کہنا تھا کہ ’سلمان خان کا پیچھا تب تک کرتے رہیں گے جب تک بشنوئی کمیونٹی سے معافی نہیں مانگ لیتے کیونکہ انہوں نے 1998 میں کالے ہرن کا شکار کر کے بشنوئی کمیونٹی کے جذبات مجروح کیے تھے۔‘

کالے ہرن کو بشنوئی کمیونٹی کے نزدیک مقدس جانور تصور کیا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گولڈی برار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد کینیڈا فرار ہو گئے تھے۔

خیال رہے اس سے قبل بھی سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملتی رہی ہیں جبکہ لارنس بشنوئی جو اس وقت جیل میں ہیں، نے تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی اور اس مقصد کے لیے اداکار کے گھر کی ریکی بھی کی گئی تھی تاہم پولیس کو خبر ہونے کے باعث ایسا نہیں ہو سکا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More