پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر، ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان

ہم نیوز  |  Jun 27, 2023

انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے رواں سال بھارت میں کھیلے جانے والے ون ڈے ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آئی سی سی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ورلڈکپ شیڈول کا اعلان کیا گیا۔ ورلڈکپ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائینگ راؤنڈ میں جیتنے والی ٹیم سے حیدرآباد میں کھیلے گا۔ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں بھارت کے سب سے بڑے ‘نریندرا مودی اسٹیڈیم’ میں پاک بھارت ٹاکرا کا میدان سجے گا۔

پاکستان اپنا چوتھا میچ بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کا مقابلہ چینئی میں ہوگا۔ شیڈول کے مطابق پاکستان کا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی شیڈول کے مطابق ورلڈکپ کے سیمی فائنل 15 اور 16 نومبر کو ممبئی اور کولکتہ میں کھیلے جائیں گے۔ ورلڈکپ کے فائنل کا میدان 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں سجے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈکپ 2023 کے میچز بھارتی شہر ممبئی میں کھیلے جانے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم ممبئی سفر نہیں کرے گی۔  پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ممبئی محفوظ نہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More