انڈیا کی صدر کے ساتھ مندر میں مبینہ ناروا سلوک: ’پہلے بھی ایک دلت صدر کی توہین کی گئی تھی‘

بی بی سی اردو  |  Jun 27, 2023

انڈیا کی صدر دروپدی مرمو کی مندر میں پوجا کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور اس دوران اُن کے ساتھ ہونے والے مبینہ ناروا سلوک کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انڈین صدر نے گذشتہ منگل (20 جون) کو دہلی کے ’حوض خاص‘ علاقے میں واقع شری جگناتھ مندر میں پوجا کی تھی اور گذشتہ روز سامنے آنے والی ان کی یہ وائرل تصویر وہیں کی ہے۔

دراصل صدر مرمو 20 جون کو اپنی 65 ویں سالگرہ اور جگن ناتھ رتھ یاترا 2023 کے موقع پر جگن ناتھ مندر گئی تھیں۔ پوجا کے دوران بنائی گئی ان کی تصویر انڈین صدر کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے جاری کی گئی۔ ٹوئٹر پر اس تصویر کے ساتھ انھوں نے رتھ یاترا کے آغاز پر مبارکباد بھی دی تھی۔

اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر دروپدی مرمو مندر کے گربھ گریہ (مقدس مقام) کے احاطے کے باہر ہی ہاتھ جوڑ کر کھڑی ہیں جبکہ پجاری احاطے کے اندر اور مورتیوں کے عین سامنے پوجا کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے ان کی گربھ گریہ کے باہر سے پوجا کرنے پر ہی سوال اٹھایا ہے۔

کچھ لوگوں کا الزام ہے کہ صدر دروپدی مرمو کا تعلق چونکہ قبائلی برادری سے ہے اس لیے انھیں مندر کے اس مخصوص حصے میں داخل نہیں ہونے دیا گیا جبکہ اس سے قبل انڈیا کے کئی وزرا اور سیاسی افراد اس مقدس مقام پر پوجا کر چکے ہیں۔

دوسرے وزرا کو اجازت

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اشونی وشنو اور دھرمیندر پردھان جیسے مرکزی وزرا کی تصویریں بھی ٹویٹ کی جا رہی ہیں، جن میں دونوں مختلف اوقات میں مندر کے گربھ گریہ میں پوجا کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اور ان تصاویر کے ساتھ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ جب اشونی وشنو اور دھرمیندر پردھان مندر اس مقام پر پوجا کر سکتے ہیں تو صدر مرمو کیوں نہیں؟

’دی دلت وائس‘ نامی ٹوئٹر ہینڈل نے اشونی وشنو اور صدر دروپدی مرمو کی تصویریں ٹویٹ کی ہیں اور لکھا ہے کہ 'اشونی ویشنو (ریلوے کے وزیر) کو اجازت، دروپدی مرمو (صدر) کو اجازت نہیں۔‘

https://twitter.com/ambedkariteIND/status/1672980278032191491

سینیئر صحافی دلیپ منڈل نے بھی دروپدی مرمو اور مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کی تصویر ٹویٹ کی ہے۔

انھوں نے لکھا: ’دہلی کے جگناتھ مندر میں مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان مندر کے اندر پوجا کر رہے ہیں اور مورتیوں کو چھو رہے ہیں۔ لیکن یہ تشویش کی بات ہے کہ اسی مندر میں جمہوریہ ہند کی پہلی شہری کہی جانے والی صدر مرمو کو باہر سے پوجا کرنے کی اجازت دی گئی۔‘

انھوں نے اس پر وضاحت طلب ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ اس معاملے میں ملوث پجاریوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جانی چاہیے۔

https://twitter.com/Profdilipmandal/status/1672979835512320002

بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے وائی ایس ریڈی نے بھی اپنے ٹویٹ کے ذریعے سوال کیا ہے۔

انھوں نے لکھا: ’صدر مرمو جی کو مندر کے اندر جانے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی؟ یہ مسلسل امتیازی سلوک کیوں؟‘

انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں قائم ہونے والے سیاسی اتحاد مہا وکاس اگھاڑی نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے انڈیا کے آئین لکھنے والے بی آر امبیڈکر کا حوالہ دیتے ہوئے اس سلوک پر سوال کیا اور لکھا: ’آپ جس طرف جانا چاہتے ہیں جائيں، لیکن ذات پات ایک ایسا عفریت ہے جو ہر جگہ آپ کے راستے میں آتا رہے گا۔'

بہت سے لوگ اسے مسئلہ بنانے پر ناخوش ہیں

کئی ٹوئٹر صارفین صدر دروپدی مرمو کی اس تصویر اور مندر انتظامیہ پر سوال اٹھانے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا استدلال ہے کہ صدر مرمو اس سے قبل کئی مندروں کے مقدس مقام پر پوجا کر چکی ہیں۔

مصنف کارتکیہ تنّا نے صدر مرمو کی دیوگھر کے ویدیہ ناتھ مندر اور وارانسی (بنارس) کے کاشی وشوناتھ مندر میں پوجا کرنے کی تصویریں ٹویٹ کی ہیں۔

دوسری جانب ایشیتا نامی ٹوئٹر صارف نے بھی دیوگھر اور وارانسی کی تصویریں ٹویٹ کیں اور لکھا کہ صدر دروپدی مرمو کے بارے میں ’جھوٹی خبریں پھیلانا بند ہونا چاہیے‘ کیونکہ وہ صدر ہیں اور ہر کوئی ان کا احترام کرتا ہے۔

https://twitter.com/KartikeyaTanna/status/1673166146609225729

مندر انتظامیہ کا موقف

بی بی سی نے اس بارے میں دہلی کے حوض خاص میں شری جگناتھ مندر سے رابطہ کیا اور جاننا چاہا کہ صدر دروپدی مرمو نے مورتی کے پاس جا کر پوجا کیوں نہیں کی۔

جگناتھ مندر کے پجاری سناتن پاڑی نے بی بی سی کے نامہ نگار سراج علی سے بات کرتے ہوئے سب سے پہلے تو تصویروں سے پیدا ہونے والے تنازع کی مذمت کی۔

پھر انھوں نے کہا کہ لوگوں کو سب سے پہلے یہ سوچنا چاہیے کہ مندر میں بھی پوجا کرنے کا پروٹوکول ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام ہندو بلا تفریق ذات پات کے مندر جا سکتے ہیں۔

مندر کے گربھ گریہ میں پوجا کرنے کے بارے میں سناتن پاڑی نے کہا: ’صرف وہی لوگ مندر کے مقدس مقام میں پوجا کر سکتے ہیں جن کو ہم مہاراجہ کے طور پر ورن (مدعو) کرتے ہیں۔ جن کو مدعو کیا گیا ہے صرف وہی اندر آ کر بھگوان کے سامنے پوجا کریں گے اور پھر جھاڑو لگا کر واپس جائیں گے۔ صدر مملکت ذاتی طور پر بھگوان کا آشیرواد لینے کے لیے مندر میں آئی تھیں تو وہ اندر کیسے جاتیں، اسی لیے وہ اندر نہیں آئیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’اس بارے میں ٹوئٹر پر جو تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے وہ مضحکہ خیز ہے کیونکہ تمام لوگ مندر کے اندر جا سکتے ہیں۔ لیکن صرف وہی لوگ اندر جائيں گے جنھیں ہم مدعو کریں گے۔ جو اصول ہے وہ سب کے لیے ہے۔‘

جب سابق صدر بھی ناراض ہوئے تھے

اس سے قبل ملک کے سابق صدر رام ناتھ کووند کے ساتھ ایک مندر میں بدسلوکی کا معاملہ سامنے آ چکا ہے۔ راشٹرپتی بھون یعنی ایوان صدر نے بھی اس معاملے میں عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا لیکن پھر بھی مندر نے کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔

رام ناتھ کووند کا تعلق دلت برادری (ہندوؤں کی ادنی ذات) سے ہے اور مارچ سنہ 2018 میں جب وہ عہدے پر تھے تو پوری کے مشہور جگن ناتھ مندر میں ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تھی۔

18 مارچ 2018 کو صدر کووند اور ان کی اہلیہ جگناتھ مندر گئے۔ اس دورے کے ’منٹس‘ میڈیا میں لیک ہو گئے تھے۔ ان میں کہا گیا تھا کہ ’جبر صدر رتنا سنگھاسن (جس پر بھگوان جگن ناتھ بیٹھے ہیں) پر سر جھکانے گئے تو وہاں موجود کھونٹیا میکاپ سیوکوں نے انھیں راستہ نہیں دیا۔ کچھ سیوک صدر کے جسم سے چمٹے رہے تھے حتیٰ کہ محترم صدر کی اہلیہ جو کہ انڈیا کی خاتون اول ہیں ان کے سامنے بھی وہ آ گئے۔‘

یہ بھی پڑھیے

دروپدی مرمو: انڈیا کی قبائلی خاتون جو کلرک سے صدر بن گئیں

انڈین صدر رام ناتھ کووند کو سبھاش چندر بوس کی تصویر کی رونمائی مہنگی کیوں پڑی؟

ذرائع کے مطابق صدر نے پوری سے روانہ ہونے سے پہلے ہی وہاں کے کلکٹر اروند اگروال سے اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس معاملے پر راشٹرپتی بھون کی جانب سے بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

مارچ میں پیش آنے والے اس واقعے کا علم لوگوں کو تین ماہ بعد جون میں ہوا۔

بہر حال اہم نکتہ یہ ہے کہ صدر کی جانب سے عدم اطمینان کا اظہار کرنے اور اس پر مندر انتظامیہ کمیٹی کے اجلاس میں بحث ہونے کے تین ماہ بعد بھی مندر انتظامیہ نے اس حساس معاملے میں کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

ملک کی پہلی قبائلی صدر

ملک کی موجودہ صدر دروپدی مرمو اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی قبائلی شخصیت ہیں۔

وہ مشرقی ریاست اوڈیشہ (اڑیسہ) کے میور بھنج ضلع کے کسومی بلاک سے آتی ہیں۔ ان کے گاؤں کا نام اوپربیڑا ہے اور وہ اوڈیشہ کی رائرنگ پور سیٹ سے ایم ایل اے رہ چکی ہیں۔

اس کے علاوہ وہ اوڈیشہ حکومت میں وزیر اور جھارکھنڈ کی گورنر بھی رہ چکی ہیں۔

دروپدی مرمو نے سنہ 1979 میں بھونیشور کے رام دیوی ویمنس کالج سے بی اے پاس کیا اور پھر پیشہ ورانہ کریئر کا آغاز حکومت اوڈیشہ میں بطور کلرک کیا۔ پھر وہ محکمہ آبپاشی اور توانائی میں جونیئر اسسٹنٹ بنیں۔ بعد کے سالوں میں وہ ایک ٹیچر بھی تھیں۔

انھوں نے رائرنگ پور میں سری اروبندو انٹیگرل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر میں اعزازی استاد کے طور پر پڑھایا۔ اپنے کام کے دنوں میں وہ ایک محنتی ملازم کے طور پر جانی جاتی تھیں۔

سیاسی سفر

دروپدی مرمو نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1997 میں ایک وارڈ کونسلر کے طور پر کیا۔ اس کے بعد وہ رائرنگ پور نگر پنچایت انتخابات میں وارڈ کونسلر منتخب ہوئیں اور نگر پنچایت کی نائب صدر بن گئیں۔

اس کے بعد، وہ سیاست میں آگے بڑھتی رہی اور رائرنگ پور اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر دو بار (2000 اور 2009) ایم ایل اے منتخب ہوئیں۔ پہلی بار ایم ایل اے بننے کے بعد وہ 2000 سے 2004 تک نوین پٹنائک کی کابینہ میں آزادانہ چارج کے ساتھ وزیر مملکت رہیں۔

ایک وزیر کے طور پر انھوں نے تقریباً دو سال تک ماہی پروری کے علاوہ کامرس اور ٹرانسپورٹ اور جانوروں کے وسائل کا محکمہ سنبھالا۔ اس وقت نوین پٹنائک کی پارٹی بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) اور بی جے پی اوڈیشہ میں مخلوط حکومت چلا رہے تھے۔

2015 میں جب انھیں پہلی بار گورنر بنایا گیا اس سے پہلے تک وہ ضلع میوربھنج کی بی جے پی صدر تھیں۔ وہ 2006 سے 2009 تک بی جے پی کے ایس ٹی (شیڈولڈ کاسٹ) مورچہ کی ریاستی صدر رہ چکی ہیں۔

وہ دو بار بی جے پی ایس ٹی مورچہ کی قومی ایگزیکٹو ممبر بھی رہ چکی ہیں۔ سال 2002 سے 2009 اور سال 2013 سے اپریل 2015 تک وہ اس مورچہ کی قومی ایگزیکٹو کی رکن رہیں۔ اس کے بعد وہ جھارکھنڈ کی گورنر کے طور پر نامزد ہوئیں اور بی جے پی کی فعال سیاست سے الگ ہوگئیں۔

سنہ 2022 سے وہ انڈیا کی صدر ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More