بھارت، گائے کا گوشت لیجانے کا الزام، مسلمان شہری پر تشدد، جان کی بازی ہار گیا

ہم نیوز  |  Jun 26, 2023

نئی دہلی: بھارت میں ہجومی تشدد کے ذریعے ایک اور بے گناہ مسلمان کی جان لے لی گئی ہے، پولیس نے اندوہناک واقعے کا مقدمہ درج کر کے دس افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مؤقر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی اور ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق بہیمانہ تشدد کا سانحہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناسک میں پیش آیا جہاں ہجومی تشدد کا نشانہ بننے والے 32 سالہ عفان انصاری نے جان کی بازی ہار دی جب کہ ان کے ساتھی ناصر شیخ شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عفان انصاری اپنے ساتھی ناصر شیخ کے ہمراہ جانوروں کا گوشت گاڑی کے ذریعے لے کر جا رہے تھے کہ اچانک راستے میں گائے کا تحفظ کرنے والے لوگوں نے انہیں روکا جس کے بعد دونوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کی بابت پولیس کے سب انسپکٹر رسنیل بھامرے نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اطلاع ملنے پر جب وہ پہنچے تو وہاں موجود گاڑی میں دونوں افراد شدید زخمی حالت میں پڑے ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر نکال کر اسپتال پہنچایا گیا جہاں عفان انصاری جان کی بازی ہار گیا جب کہ دوسرا زیر علاج ہے۔ جاں بحق ہونے والے عفان انصافی ممبئی کے علاقے کرلا کے رہائشی تھے۔

پولیس کے مطابق زخمی شخص کی رپورٹ پر قتل اور فساد عامہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، دس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

میڈیا کے مطابق لیبارٹری رپورٹ کے بعد ہی یہ معلوم ہو سکے گا کہ جنہیں ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا وہ واقعی گائے کا گوشت لے کر جارہے تھے یا نہیں؟

بھارت کو جدید فوجی ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر پاکستان کی تشویش

واضح رہے کہ مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے تسلسل کے ساتھ مسلمانوں کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں متعدد اموات بھی ہو چکی ہیں لیکن تاحال کسی کو بھی قرار واقعی سزا نہیں ملی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More