دبئی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی آج شاہی خاندان اور بزنس کمیونٹی کے ممتاز افراد سے اہم ملاقاتیں ہوں گی جس میں ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی موجود ہوں گی۔
میاں نواز شریف جو دبئی میں اپنے داماد اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار کی رہائش گاہ ایمریٹس ہلز میں قیام پذیر ہیں، کو متحدہ عرب امارات پہنچنے کے بعد سے دبئی حکومت خصوصی پروٹوکول فراہم کر رہی ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم دبئی میں قیام کے بعد اطوظہبی اور سعودی عرب جائیں گے جس کے بعد دوبارہ دبئی واپس آجائیں گے۔ وہ اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ عید الاضحیٰ دبئی میں منائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف ابھی تک لندن میں قیام پذیر ہیں تاہم ان کی جلد روانگی متوقع ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تمام قانونی پہلوؤں اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا جا رہا ہے، آئینی و قانونی ماہرین سے صلاح و مشورہ جاری ہے اوراس حوالے سے روڈ میپ بھی طے کیا جا رہا ہے۔
نااہلی کی مدت 5 سال سے زیادہ نہیں ہو گی، قومی اسمبلی سے بل منظور
ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف سے آئندہ دنوں میں دیگر اہم سیاسی شخصیات کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جو چند دنوں میں دبئی پہنچیں گی۔