سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ کی ہنی سنگھ کو قتل کی دھمکیاں

اردو نیوز  |  Jun 23, 2023

 انڈین پنجابی سنگر یو یو ہنی سنگھ کو سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق یو یو ہنی سنگھ کو گینگسٹر گولڈی برار کی جانب سے دھمکیاں ملی ہیں جس کے بعد سنگر نے اس بارے میں دہلی پولیس میں شکایت درج کروا دی ہے۔

گولڈی برار، جو کہ مبینہ طور پر کینیڈا میں رُوپوش ہیں، پر مبینہ الزام ہے کہ انہوں نے گذشتہ سال سدھو موسے والا کو پنجاب میں قتل کروایا تھا۔

یو یو ہنی سنگھ کو دھمکی وائس نوٹ کی صورت میں ملی، جس کے بعد وہ بدھ کے روز نئی دہلی کے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں کمشنر سے ملنے گئے جہاں انہوں نے شکایت درج کروائی۔

پولیس نے اس معاملے پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

سنگر نے کمشنر سے ملاقات کے بعد بتایا کہ ’میں خوفزدہ ہوں۔ میری فیملی خوفزدہ ہے۔ موت سے کون خوفزدہ نہیں ہے؟ مجھے پہلی مرتبہ ایسی کوئی دھمکی ملی ہے۔ مجھے لوگوں سے بہت پیار ملا ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’میرے سٹاف کو اور مجھے کسی گولڈی برار کی جانب سے انٹرنیشنل نمبروں سے کالز اور وائس نوٹ بھی آئے ہیں، میں نے کمشنر کو تمام ثبوت دیے ہیں۔ میں نے اُن سے درخواست کی ہے کہ مجھے سکیورٹی دی جائے اور معاملے کی تفتیش کی جائے۔ میں اس وقت بہت ٹوٹ چکا ہوں۔‘

خیال رہے سدھو موسے والا کو گذشتہ سال 29 مئی کو پنجاب میں واقع اُن کے آبائی ضلع مانسہ میں قتل کیا گیا تھا۔

گولڈی برار نے بعد میں فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے کسی دوسرے گینگسٹر کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے سنگر کو مارنے کا پلان  کیا تھا۔

گولڈی برار، جو کہ ستندرجیت سنگھ کے نام بھی مشہور ہیں، گینگسٹر لارنس بِشنوئی کے قریبی ساتھی ہیں۔

گینگسٹر لارنس بِشنوئی سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ہیں۔

گزشتہ ماہ انٹرپول اوٹاوا کی جانب سے گولڈی برار کا نام کینیڈا کے 25 ٹاپ موسٹ وانٹڈ مجرموں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

آفیشل ریلیز کے مطابق گولڈی برار کینیڈا میں ہیں وہ عوام کے لیے خطرہ ہیں۔ اس کے علاوہ ریلیز میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ جو جرائم انہوں نے انڈیا میں کیے ہیں، وہ نہایت سنگین نوعیت کے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More