ننھا بچہ نماز کے دوران امام مسجد کے پاس پہنچ گیا

ہم نیوز  |  Jun 22, 2023

ترکیہ کے شہر استنبول کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں امام مسجد اور کمسن بچے کے درمیان محبت بھرے لمحات دیکھے گئے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی اس ویڈیو میں بتایا گیا کہ یہ استنبول کی ویڈیو ہے جس میں ننھا بچہ نماز کے دوران ہی امام مسجد کے پاس پہنچ گیا۔امام مسجد جو تلاوت کررہے تھے، بچے کی طرف متوجہ ہوئے، وہ بچے سے کھیلتے رہے اور ساتھ تلاوت بھی کرتے رہے، وائرل ویڈیو پر صارفین کی جانب سے امام مسجد کے حسنِ سلوک کو سراہا جارہا ہے۔

ترکیہ کی مساجد میں بچوں کے ساتھ خصوصی شفقت سے پیش آیا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اگر بچے مسجدوں میں خوش ہوں تو سمجھو کہ آپ کے ملک میں اسلام کا مستقبل محفوظ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رمضان المبارک میں بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی تھی جس میں نماز تراویح کے دوران امام مسجد کے کندھوں پر بلی چڑھ کر بیٹھ گئی تھی تاہم امام نے تلاوت جاری رکھی، یہ منظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

مذکورہ ویڈیو افریقی ملک الجزائر کی تھی جس میں دیکھا گیا کہ امام نماز تراویح کے دوران قرات کر رہے ہیں اور اچانک بلی ان کے اوپر چڑھنا شروع کردیتی ہے۔

امام کو اس دوران بلی کو گرنے سے بچانے کیلئے اپنے ہاتھ سے سہارا دیتے بھی دیکھا جاسکتا ہے، پھر بلی امام کے کندھے پر چڑھ کر بیٹھ جاتی ہے اور امام تلاوت جاری رکھتے ہیں۔

کچھ دیر کندھے پر بیٹھے رہنے کے بعد بلی چھلانگ لگاکر وہاں سے چلی جاتی ہے اور امام رکوع میں چلے جاتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More