پاکستانی سیاست سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

اردو نیوز  |  Jun 16, 2023

امریکہ نے کہا ہے کہ جمہوری معاشروں میں آزاد میڈیا کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے اور توقع کرتے ہیں کہ پاکستان میں صحافیوں کو کام کرنے کی آزادی ہو گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جمعرات کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اُن کے ملک کا پاکستان کی سیاست سے کوئی واسطہ نہیں۔

ایک پاکستانی صحافی کے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ’عمران خان پاکستان کے عام شہری ہیں اور امریکہ عام طو پر کسی شہری کے بارے میں کوئی مؤقف نہیں رکھتا۔‘

ترجمان سے سوال کیا گیا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور وہ بار بار کہہ رہے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ اُن کی حکومت کا خاتمہ امریکی پالیسیوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہوا۔

میتھیو ملر نے کہا کہ ’یہ کہنا چاہوں گا کہ اس پر ماضی میں بھی بات ہو چکی ہے۔ یہ الزامات مکمل طور پر جھوٹ ہیں۔ پاکستان کی سیاست وہاں کے عوام کا معاملہ ہے اور وہ اپنے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔ یہ امریکی حکومت کا معاملہ نہیں ہے۔‘

قبل ازیں پاکستانی صحافی نے سوال کیا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور فوج نے عمران خان کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی ہے اور نیوز چینلز سابق وزیراعظم کا نام اپنے خبرنامے میں لے سکتے ہیں اور نہ ہی پرائم ٹائم ٹاک شوز میں اُن کا ذکر کیا جا سکتا ہے۔ کیا امریکہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور اور عوام کی معلومات تک رساہی کے حق سے متعلق کچھ کہے گا؟‘

ترجمان میتھیو ملر نے جواب میں کہا کہ ’یقیناً، ہم عام طور پر تمام حکومتوں سے کہتے ہیں کہ وہ صحافیوں اور میڈیا کے کردار کا احترام کریں۔ آزاد میڈیا جمہوری معاشروں کے لیے بہت ضروری ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ پاکستان میں کام کرنے والے صحافیوں کو آزادی ہو گی کیونکہ یہ صحت مند جمہوریت کے لیے اہم ہے جو حکام کو عوام کے سامنے جوابدہ بناتے ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More