شام میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 22 فوجی اہلکار زخمی

اردو نیوز  |  Jun 13, 2023

امریکی سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ شمال مشرقی شام میں پیش آنے والے ہیل کاپٹر حادثے میں 22 امریکی فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی سنٹرل کمانڈ نے جاری بیان میں کہا کہ دس فوجی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اعلیٰ نگہداشت کی سہولیات والے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کی سربراہی کرنے والے ادارے سنٹرل کمانڈ نے کہا کہ اتوار کو پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم دشمن کی جانب سے کسی قسم کا حملہ رپورٹ نہیں ہوا۔

داعش کے خاتمے کی غرض سے شام میں تقریباً 900 امریکی فوجی تعینات ہیں جن میں سے اکثریت مشرقی علاقوں میں موجود ہیں۔ ان علاقوں میں گزشتہ کئی سالوں کے دوران ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کی جانب سے امریکی فوجیوں پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں۔

شام میں ہونے والے حملوں اور جوابی حملوں کے دوران مارچ میں 25 امریکی اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور زخمی بھی ہوا تھا۔

داعش سے لڑنے کے لیے سابق صدر باراک اوباما کے دور حکومت میں پہلی مرتبہ امریکی فوجیوں کو شام میں تعینات کیا گیا تھا۔

سینکڑوں کی تعداد میں داعش کے جنگجو ابھی بھی شام کے غیر آباد علاقوں میں موجود ہیں جہاں امریکی اتحادی افواج یا شام کی فوج کو مکمل کنٹرول حاصل نہیں ہے۔

جبکہ ہزاروں کی تعداد میں داعش کے جنگجو امریکی اتحادی کرد ڈیموکریٹک فورسز کی حراست میں ہیں۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ داعش کے کسی بڑے خطرے میں تبدیل ہونے کے امکانات موجود ہیں۔

امریکی فوجوں کو ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کی جانب سے لاحق خطرات سے شام کی پیچیدہ جیو پولیٹیکل صورتحال مزید واضح ہو جاتی ہے جہاں شام کے صدر بشار الاسد مدد کے لیے ایران اور روس پر انحصار کرتے ہیں جبکہ امریکی فوج کو قابض کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More