پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کی انگلش پچز پر مشکلات دور کرنے کیلئے پاکستان میں بھی انگلش طرز کی پچز پر کام شروع کردیا۔
پاکستان کے کرکٹرز انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی باؤنسی پچز کے لیے خود کو باآسانی تیار کر سکیں گے۔ پاکستان اور ایشیائی بیٹرز کا باؤنسی پچز پر کھیلنا مسئلہ رہا ہے لیکن اب اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستان میں بھی باؤنسی پچز تیار کی جا رہی ہیں، لاہور میں باؤنسی پچ کی تیاری اب آخری مرحلے میں ہے۔
آسٹریلیا سے منگوائی گئی مٹی کو پچز کی تیاری کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جس سے پچز میں باؤنس بڑھے گا اور بیٹرز کو بھرپور پریکٹس کا موقع ملے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم رواں برس 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا جائے گی اور اس بچ کی بدولت کھلاڑیوں کو وہاں فائدہ ہوگا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بھی پرانی مٹی ہٹا کر نئی پچز پر کام کیا جا رہا ہے، کینگروز کے دیس سے منگوائی گئی مٹی ڈال کر باؤنسی وکٹس بنائی جائیں گی، ابتدائی طور پر 2 پچز کی مٹی کو آسٹریلوی مٹی سے تبدیل کیا جائے گاجبکہ پاکستان کے دیگر اسٹیڈیمزکی پچز کو بھی معیاری بنانے کیلئے آسٹریلین مٹی ڈالی جائے گی۔