ہم کچھ نہیں کرسکتے لیکن وہ ہستی اپنا کام کرتی ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال

ہم نیوز  |  May 24, 2023

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ ہم سب کچھ اللہ کی رضا اور عوام کی خاطر برداشت کر رہے ہیں، ہم کچھ نہیں کرسکتے لیکن وہ ہستی اپنا کام کرتی ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی نظر ثانی اپیل پر سماعت کا آغاز ہوا۔ اٹارنی جنرل نے عدالت میں پیش ہوکر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کہا تھا الیکشن کمیشن کے اٹھائے گئے نکات پہلے کیوں نہیں اٹھائے تھے۔ ایک صوبے میں انتخابات ہوں تو قومی اسمبلی کا الیکشن متاثر ہونے کا نکتہ اٹھایا گیا تھا۔ اپنے جواب میں 4/3 کے فیصلہ ہونے کا ذکر بھی کیا تھا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اٹارنی جنرل سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کو گھبرانا نہیں چاہیے۔ عدالت آپ کی سماعت کیلئے بیٹھی ہے۔ کوئی معقول نکتہ اٹھایا گیا تو جائزہ لے کر فیصلہ بھی کریں گے۔ عدالت میں نکتہ اٹھایا گیا لیکن اس پر بحث نہیں کی گئی۔ گزشتہ روز نظر ثانی کے دائرہ اختیار پر بات ہوئی تھی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ماضی کو حکومت کے خلاف استعمال نہیں کریں گے۔ حکومت کی نہیں اللہ کی رضا کیلئے بیٹھے ہیں۔ بہت سی قربانیاں دے کر یہاں بیٹھے ہیں۔ اپنے ساتھیوں سے کہیں کہ ہمارے دروازے پر ایسی باتیں نہ کریں، ساتھیوں سے کہیں ایوان میں گفتگو بھی سخت نہ کیا کریں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم اللہ کیلئے کام کرتے ہیں، اس لیے چُپ بیٹھے ہیں۔ جس ہستی کا کام کر رہے ہیں وہ بھی اپنا کام کرتی ہے۔ آپ صفائیاں نہ دیں، عدالت صاف دل کے ساتھ بیٹھی ہے۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت نے کل آبزرویشن دی جس کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہماری ہرچیز درست رپورٹ نہیں ہوتی ہے، کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت نے مرسیڈیز دی تھی۔ ہماری پی آر او نے وضاحت جاری کی اس کو بھی غلط پیش کیا گیا، میں تو مرسیڈیز استعمال ہی نہیں کرتا۔ پولیس نے عمران خان کیلئے بلٹ پروف مرسیڈیز کا بندوبست کیا تھا۔ اس بات کو پتہ نہیں کیا سے کیا بنا دیا گیا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ گھبرائیں نہ ماضی کی چیزوں کا آپ پر استعمال نہیں کریں گے۔ ہم نے تو آپ کو دیکھ کر کھلے دل سے گڈ ٹو سی یو کہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More