سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا ہے کہ جتنے لوگ پارٹی چھوڑ رہے ہیں وہ پہلے صدر مملکت عارف علوی سے اجازت لیتے ہیں پھر پریس کانفرنس کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے بڑا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا جو کردار عارف علوی نے ادا کیا ہے وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ابھی بھی تحریک انصاف چھوڑنے کیلئے جتنی پریس کانفرنسز ہورہی ہیں وہ تمام لوگ پہلے پریذیڈینسی میں جاتے ہیں۔ پریذیڈینسی خود کو بچانے کیلئے تھپکی لگاتی ہے کہ جاؤ پریس کانفرنس کرو۔ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بات چیت خراب ہونے کے پیچھے بڑا کردار صدر عارف علوی کا تھا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو آپ نے یہ بات بتائی کہ صدر عارف علوی آپکی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں؟ جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر آپ کو میری بات کی تصدیق کرانی ہیں تو سابق آرمی چیف سے کرواسکتے ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عارف علوی کے خلاف ایک بہت بڑا کیس ہے جو ان کے منصب سے اترنے کا انتظار کررہا ہے۔ ہر کوئی منصب سنبھال کر یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس کی باپ دادا کی کرسی ہے اور خود کمائی ہے۔ اللہ کے بعد جو وسیلہ تھا وہ عمران خان صاحب تھے۔ انہوں نے ہی مجھے وزیر بنایا اور عارف علوی کو صدر بنایا۔
دوسری طرف ایوان صدر کے ذرائع کی جانب سے فیصل واوڈا کے دعوے کی تردید کی گئی ہے۔