شعیب نے آج تک میرے پیسے واپس نہیں کیے، ثقلین مشتاق کا شکوہ

ہم نیوز  |  May 22, 2023

سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے اسپیڈ اسٹار شعیب اختر سے براہ راست شو میں قرضہ واپس نہ دینے کا شکوہ کردیا۔

ایک انٹرویومیں ثقلین مشتاق کو شعیب اختر کی تصویر دکھا کر مختلف سوالات کیے گئے جس پر ثقلین مشتاق نے بتایا کہ ٹیم میں سب شعیب کو شعیبی اور شعیب ایکٹر کہتے تھے۔

ثقلین مشتاق کے مطابق شعیب میرا بچپن سے ساتھی ہے، ہم کرکٹ کھیلنے سے پہلے سے دوست ہیں، ہم ایک دوسرے کے گھر آتے جاتے تھے، دال روٹی بھی ساتھ کھانے جاتے تھے۔

ثقلین مشتاق نے اسی دوران ہنستے ہوئے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شعیب نے آج تک میرے 250 روپے واپس نہیں کیے، یہ میرا قرض دار ہے۔

ثقلین مشتاق نے بتایا کہ کراچی میں ٹیمز میچ کھیلنے آئی ہوئی تھیں، ہم لالوکھیت پر الکرم اسکوائر میں ٹھہرے ہوئے تھے، وہاں 2 کمروں کے گھر میں 20 سے 25 لوگ روم شیئر کرتے تھے میں اور شعیب بھی اس کمرے میں ساتھ تھے۔

سابق کھلاڑی کے مطابق اس وقت روزمرہ الاؤنس ہمیں ملتا نہیں تھا، گھر سے 1500 سے 2000 لے کر نکلے جس پر گزارا کرنا تھا، میرے پاس ان پیسوں میں سے 250 بچے تھے اور شعیب کے پاس پیسے ہی نہیں تھے، ہم نے فلم دیکھی تو شعیب کو خیال آیا کہ نئی پینٹ شرٹ لینی ہے اور وہ ان پیسوں سے جاکر کپڑے لے آیا جس پر میں نے کہا تھا اب کھانا کہاں سے کھائیں گے؟

شعیب نے آج تک میرے وہ 250 روپے واپس نہ کیے میں آج پھر اس شو کے ذریعے پیسوں کا مطالبہ کررہا ہوں جو کہ اب تک 40 سے 50 لاکھ روپے بن گئے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ شعیب کو شاپنگ کا بہت شوق ہے، میچ کھیلنے کے دوران بھی دوسری ٹیموں کے لڑکے ڈرتے تھے کہ ادھار پیسے نہ مانگ لے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More