مرغیوں کی ہڈیوں سے قیمہ تیار کرنے والا گروہ بے نقاب

ہم نیوز  |  May 20, 2023

محکمہ خوراک نے مرغیوں کے ہڈیوں سے قیمہ تیار کر کے فوڈ پوائنٹس مالکان کو سپلائی کرنیوالے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔

سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹر ولرز تسبیح اللہ، کمال احمد اور فوڈ انسپکٹر شاہ فہد نے جناح پارک کے سامنے گوداموں پر چھاپے مارے۔

ان میں مرغیوں کی ہڈیوں سے مشینوں کے ذریعے قیمہ نکالا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مشینوں اور بیس ہزار کلو ہڈیوں کو قبضے میں لے کر تلف کردیا جبکہ ملزمان کو متعلقہ تھانے کے حوالے کردیا۔

محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ مذکورہ گودام میں مرغیوں کے ہڈیوں سے قیمہ تیار کرنے کے بعد قیمہ کو شادی ہالوں، شامی کباب، سموسہ رول، چپلی کباب اور سیخ کباب فروشوں کو سپلائی کیا جاتا ہے۔

راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں گرفتار افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ پوائنٹس مالکان اور خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیں تاکہ شہریوں کو معیاری و صاف ستھری اشیاء کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More