سکھ علیدگی پسند گروپ کے مبینہ کارکنوں کو فلپائن سے ملک بدر کر دیا گیا

اردو نیوز  |  May 19, 2023

فلپائن نے دو انڈین شہریوں کو ملک بدر کر دیا ہے جن پر شبہ تھا کہ ان کا تعلق ایک سکھ علیحدگی پسند گروپ سے ہے۔

عرب نیوز کے مطابق فلپائنی حکام نے مارچ میں تین انڈین شہریوں کو گرفتار کیا تھا جن تعلق خالصتان ٹائیگر فورس سے تھا۔ انٹرپول نے ان کے نام کا ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

ان افراد کی موجودگی فلپائن میں اس وقت اتفاقیہ طور پر سامنے آئی جب علیحدگی پسند کے رہنما امرت پال سنگھ نے خالصتان کی تحریک چلائی۔ امرت پال سنگھ کو انڈیا میں اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا۔

فلپائن کے سائبر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سینٹر کے مطابق خالصتان ٹائیگر فورس سے منسلک ان افراد پر قتل کا الزام تھا اور وہ جعلی پاسپورٹ پر انڈیا سے فرار ہو کر فلپائن پہنچے تھے۔

حکام نے کہا کہ ’دہشت گرد تنظیم خالصتان ٹائیگر فورس سے منسلک مشتبہ دو انڈین شہریوں کو کل رات ملک بدر کیا گیا جنہوں نے فرار ہونے کی پوری کوشش کی۔‘

مزید کہا گیا کہ ان افراد کو پولیس کی حراست میں تھائی ایئرویز کی فلائٹ میں پہنچایا گیا۔

سائبر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الیگزینڈر راموس کا کہنا تھا کہ خالصتان ٹائیگر فورس کا تیسرا مبینہ کارکن ابھی فلپائن میں ہی ہے کیونکہ اس کا بھتہ خوری کے الزام میں ٹرائل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’شک ہے کہ شدت پسند گروپ سے تعلق رکھنے والے مزید افراد فلپائن میں موجود ہیں۔‘

واضح رہے کہ خالصتان کی تحریک کو انڈیا میں کالعدم قرار دیا گیا ہے اور 1980 کی دہائی کے وسط سے 1990  کی دہائی کے وسط تک اس کی مسلح مہم کی وجہ سے متنازعہ فوجی آپریشن کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More