پاکستان بزنس کمیونٹی کی تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بیٹھنے کی تجویز

ہم نیوز  |  May 17, 2023

پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بیٹھ کر بات چیت شروع کرنے کی تجویز پیش کردی گئی جس کا مقصد موجودہ ملکی حالات سے نمٹنا ہے۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران سربراہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن گوہر اعجاز نے ملکی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 9 مئی کا واقعہ پیش آیا اور جس طرح ہمارے قومی اداروں کو نقصان پہنچایا گیا، ہم ان واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ہم سب کو بیٹھ کر تحمل کے ساتھ ان معاملات کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک میں آئین اور قانون موجود ہیں، یہاں ہر چیز ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بات چیت سے مسئلے حل کیے جائیں۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنا کردار ادا کریں گے۔

سربراہ اے پی ٹی ایم اے نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے پاس جائیں گے اور درخواست کریں گے کہ ہم سب کو ایک دوسرے کی عزت کرکے آپس کے معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا قانون ہم سب کیلئے ہے، ہمارے لیے سب سے بڑا تحفہ پاکستان ہے۔ پاکستان کے خلاف کسی قسم کی سازش برداشت نہیں کریں گے۔ پاکستان میں جاری کشیدگی دنیا میں ہماری حیثیت کو متاثر کر رہی ہے۔ پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحدہ محاذ وقت کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More