ورلڈکپ میں سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی واضح نہیں، مکی آرتھر

ہم نیوز  |  May 16, 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ بہت سے کھلاڑی ورلڈکپ کی تیاری کر رہے ہیں، پاکستان کرکٹ سے متعلق میرے پاس کئی منصوبے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پچھلے ورلڈکپ سے بہت بہتر ٹیم ہے، کھلاڑی بھی بہت باصلاحیت ہیں۔ ایسی ٹیم تیار کی جاسکتی ہے جو رواں سال ون ڈے ورلڈکپ اپنے نام کرسکے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی لیکن ون ڈے سیریز میں ٹیم نے کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کافی پُر اعتماد ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی اور میرے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں۔ اگر نجم سیٹھی نہ ہوتے تو میں ٹیم ڈائریکٹر بھی نہ ہوتا۔

سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے ٹیم ڈائریکٹر نے بتایا کہ ورلڈکپ ٹیم میں سرفراز احمد کی شمولیت ابھی واضح نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرفراز اور میری ایک ساتھ بہت سی یادیں ہیں اور ہمارے تعلقات بھی بہت اچھے ہیں۔ سرفراز ایک شاندار انسان ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سرفراز احمد سے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے رابطہ کیا تھا۔ جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More