سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کریں، حکومتی وزرا، احتجاج اعلان کے مطابق ہو گا، فضل الرحمان

ہم نیوز  |  May 14, 2023

اسلام آباد: حکومتی اتحاد پی ڈی ایم  کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ن لیگ کے مرکزی رہنماؤں سینیٹر اسحاق ڈار اور رانا ثنا اللہ نے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے ان سے درخواست کی کہ وہ ڈی چوک پر احتجاج کرلیں۔

اس ضمن میں ہم نیوز نے بتایا ہے کہ وفاقی وزرا نے پی ڈی ایم کے سربراہ سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کرنے کی درخواست کی جسے انہوں نے مسترد کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ کچھ روز قبل بھی ملک میں حالات خراب ہوئے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ پی ڈی ایم ڈی چوک پر احتجاج کرے۔

مولانا فضل الرحمان نے اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ کی جانب سے کی جانے والی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اعلان کر چکے، فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو چکے ہیں ، کارکنان پر امن ہیں ، پر امن احتجاج ہوگا، کارکنان ایک گملا یا پودا بھی نہیں توڑیں گے، ہم پر امن لوگ ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم اور امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے وفاقی وزرا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کل عوام نکلیں گےاور فیصلہ بھی عوام کی عدالت میں ہوگا۔

عدلیہ کے رویے کیخلاف احتجاج ہو گا، اسلام آباد پہنچیں، پیر کو دھرنا دیں گے، فضل الرحمان

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی جو پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے لیکن حکومت میں شامل ہے، بھرپور طریقے سے کل احتجاج میں شرکت کرنے کا اعلان کر چکی ہے جب کہ اے این پی کی جانب سے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More