لاہور میں فائرنگ سے سکھ شہری ہلاک، ’چہل قدمی کے دوران نشانہ بنایا‘

اردو نیوز  |  May 07, 2023

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ایک پاکستانی سکھ کو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سردار سنگھ کے نام سے ہوئی جنہیں نواب ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گولی ماری۔

پولیس کے مطابق سردار سنگھ سنیچر کی صبح اُس وقت فائرنگ کا نشانہ بنے جب وہ اپنے محافظ کے ساتھ چہل قدمی کر رہے تھے۔

پولیس افسر اسد عباس نے بتایا کہ ’سردار سنگھ کی موت سر میں گولی لگنے سے ہوئی جبکہ اُن کا محافظ زخمی ہو گیا۔‘

نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے سکھ شہری کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

دو ماہ قبل پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سکھ دُکان دار ہلاک ہو گیا تھا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکھ دُکان دار دیال سنگھ کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال مئی میں بھی پشاور کے علاقے سربند کے بٹہ تل بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے دو سکھ شہریوں کو قتل کردیا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More