محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مئی کا پورا مہینہ گرم گزرے گا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہےکہ جون کے وسط سے پری مون سون بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا دورانیہ ستمبر کے وسط تک برقرار رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان شدید بارشوں کے خطرے سے دو چار 20 ممالک میں شامل ہے۔
شیری رحمان نے کہا ہے کہ گلوبل انفارمیشن اینڈ ارلی وارننگ سسٹم کی رپورٹ میں پاکستان شامل ہے، پاکستان ان 20 ممالک میں سے ہے جہاں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم گزشتہ سال کی بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے مرحلے میں ہیں، ہمیں شدید ماحولیاتی واقعات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا،
ان کا کہنا تھا کہ تیار فصلوں، حال ہی میں کاٹی گئی فصلوں اور بوئی فصل کو نقصان ہو سکتا ہے، حکومت نے متعلقہ اداروں اور عوام و کاشتکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی کراچی میں کلاؤڈ برسٹ سے متعلق افواہوں کی تردید
انہوں نے کہا کہ رواں سال جون میں ال نینو سمندری رجحان کی واپسی کی پیش گوئی ہماری مقامی پیشگوئیوں سے ملتی جلتی ہے، ال نینو سمندری رجحان کی واپسی سے دنیا بھر میں شدید ماحولیاتی واقعات پیش آ سکتے ہیں۔