حکومت انتخابات پر مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنے کیلئے تیار

ہم نیوز  |  May 05, 2023

وفاقی حکومت نے الیکشن پر مذاکرات سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے جواب اٹارنی جنرل کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا۔ جواب میں کہا گیا کہ حکمران اتحاد یقین رکھتا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی بات چیت میں ہے۔

حکومت کی طرف سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک کے وسیع ترین مفاد میں مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنے پر تیار ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے بات چیت شروع ہونے کے بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی نے ایک تاریخ کو الیکشن کرانے پر اتفاق کیا۔

حکمران اتحاد کے جواب کے مطابق الیکشن معاملے پر فریقین میں مذاکرات پر مثبت پیشرفت ہوئی۔ قومی اور باقی صوبائی اسمبلیاں کب تحلیل ہوں، اس حوالے سے تاریخ پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

جواب میں کہا گیا کہ حکومتی اتحادیوں نے مذاکرات میں لچک دکھائی ہے۔ اسمبلیوں کو وقت سے پہلے تحلیل کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ ایک ہی روز انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More