ایس سی او: کیا انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور بلاول زرداری کے درمیان الگ کوئی میٹنگ ہو گی؟

بی بی سی اردو  |  May 04, 2023

جنوبی گوا کے ساحل پر واقع لکژری ہوٹل تاج اگزاٹکا میں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن یعنی ایس سی او کے وزراء خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کے لیے وزراء خارجہ گوا پہنچ گئے ہیں۔

ایس سی او فورم میں روس ، چین ، انڈیا ، پاکستان ، کرغزستان ، ازبکستان ، قزاقستان اور تاجکستان شامل ہیں۔ ایران سمیت کئی ممالک کے مندوبین اس کانفرنس میں مشاہدین کے طور پر شرکت کر رہے ہیں۔

ایس سی او کے وزراء خارجہ کی جنوبی گوا کے ساحل پر واقع لکژری ہوٹل میں میٹنگ کی پوری تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ انڈیا کے وزیر خارجہ بدھ کو ہی یہاں پہنچ گئے تھے۔ انھوں نے آج روس اور چین کے وزراء خارجہ سےملاقاتیں کی ہیں۔ وہ ایس سی او کی میٹینگ کا باضابطہ آغاز ہوٹل کے پرائیویٹ ساحل پر آج شام ایک استقبالیہ ڈنر سے کریں گے۔ اصل میٹنگ جمعہ کی صبح 10 بجے شروع ہو گی۔

یہ میٹنگ بند کمرے میں ہوتی ہے اور اس اصل ایجنڈے میں ایس سی او ممالک میں سلامتی، دہشت گردی اور اشتراک کے پہلوؤں پرتوجہ مرکوز ہو گی۔ میڈیا کی بریفنگ کے لیے اجلاس کےمقام سے کچھ دور ایک دوسرے ہوٹل میں میڈیا سنٹر بنایا گیا ہے۔

جے شنکر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انڈیا اس میٹنگ کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انڈیا اس وقت ایس سی او کا صدر ہے۔

Getty Imagesگوا میں بلاول بھٹو زرداری کی کار

اس فورم کا سربراہی اجلاس جولائی کے اوئل میں ہو گا جس میں دوسرے رہنماؤں کے علاوہ چین کے صدر شی جن پنگ، روس کے صدر ولادیمیر پیوتن اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے۔

بلاول زرداری نے کراچی سے روانگی سے قبل ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ایس سی او کی میٹنگ میں ان کی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان ایس سی او کے چارٹر کے حوالے سے کمٹڈ ہے اور یہ کہ وہ اس فورم کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ وہ اس میٹنگ کے دوران ’دوست‘ ملکوں کے وزراء خارجہ سے باہمی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ گوا پہنچنے کےبعد بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پہلے بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ ایس سی او کے وزراء خارجہ کی یہ میٹنگ کامیاب ہو گی۔

وہ ایک ایسے وقت میں انڈیا آئے ہیں جب دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہت خراب ہیں۔ ان کے یہاں آنے سے کئی روز قبل انڈیا کی جانب سے اس طرح کے بیانات دیے گئے تھے کہ’ دہشت گردی اور مذکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔‘

Getty Images

یہاں تمامنظریں اس بات پرمرکوز ہیں کہ انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور بلاول زرداری کے درمیان ایس سی او سے الگ کوئی میٹنگ ہو گی یا نہیں۔

اس سلسلے میں دونوں جانب سے کسی باہمی میٹنگ کی نہ تصدیق کی گئی ہے نہ ہی تردید۔ لیکن یہاں موجود صحافیوں میں ممکنہ مذاکرات کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ جس وقت بلاول زرداری اجلاس کے مقام پر پہنچے اس وقت وہاں بڑی تعداد میں انڈین صحافی ان کا انتظار کر رہے تھے۔ ہوائی اڈے پر انڈیا کی وزارت خارجہ کے اعلی اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔

شام کو استقبالیہ ڈنر کے ساتھ ایس سی او کی میٹنگ کا با ضابطہ آغاز ہو جائے گا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول زرداری کے پاس آج شام تک اور کل صبح اجلاس سے قبل اضافی وقت ہو گا جس میں وہ باہم ملاقاتیں کر سکیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More