مہنگائی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے، پاکستان سری لنکا سے بھی آگے

ہم نیوز  |  May 03, 2023

ملک میں مہنگائی سے متعلق جاری کردہ نئی رپورٹ نے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا، دیوالیہ ہونے والا ملک سری لنکا بھی پاکستان سے پیچھے رہ گیا۔

امریکی جریدے بلوم برگ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ  کے مطابق سری لنکا میں گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 35 فیصد رہی جو پاکستان کے مقابلے میں کم ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان نے مہنگائی میں دیوالیہ ہونے والے سری لنکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال پاکستانی روپیہ بدترین گراوٹ کا شکار رہی، جو ڈالر کے مقابلے میں 20 فیصد گری ہے جبکہ دوسری طرف سری لنکا معاشی بحران پر قابو پاتا دکھائی دے رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں ماہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح 36.4 فیصد ہونے کے بعد 59 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔ اپریل میں پاکستان میں مہنگائی مزید 2.41 فیصد بڑھی جو ملکی تاریخ میں 1964 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے اپریل مہنگائی کی اوسط شرح 28.23 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک سال میں صرف سگریٹ کی قیمت میں 159.89 جبکہ چائے کی قیمت میں 108.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح آٹا 106.07 فیصد، گندم 103.52 فیصد، انڈے 100 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چاول اور دال مونگ کی قیمتوں میں 87 فیصد اور 57 اضافہ ہوا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More