امریکہ، فوجی پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے کا حکم

ہم نیوز  |  Apr 30, 2023

واشنگٹن: امریکی فوج کے پائلٹس کو فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، حکم آرمی کے چیف آف اسٹاف جنرل جیمز میک کونویل نے جاری کیا ہے۔

مؤقر ویب سائٹ فلائٹ گلوبل اور این پی آر کے مطابق امریکی آرمی کے چیف آف اسٹاف نے یہ حکمنامہ فوجی ہیلی کاپٹرز کے تسلسل کے ساتھ گرنے کے واقعات پیش آنے کی وجہ سے جاری کیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکی فوج کے چار ہیلی کاپٹرز گر کر تباہ ہوئے ہیں جس کے بعد ان تمام پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے جو کسی اہم مشن کا حصہ نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے دو اپاچی ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں تین فوجی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا تھا جب کہ دو ہفتے قبل بھی ریاست کینٹکی میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز گر کر تباہ ہو چکے ہیں جس میں 9 فوجی جان سے گئے تھے۔

امریکی فوج کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف سٹاف جنرل جیمز میک کونویل کے احکامات کے تحت تمام پائلٹس ضروری ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد ہی ہیلی کاپٹرز اڑانے کے مجاز ہوں گے جب امریکی آرمی رسک مینجمنٹ یعنی خطرات سے بچنے کے نظام، طیاروں کی دیکھ بھال کے ٹریننگ پروگرام، فضائی عملے کی ٹریننگ اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More