سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کا انخلا، مزید 96 شہری بحفاظت وطن واپس

اردو نیوز  |  Apr 29, 2023

سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور پاکستان کی ایئرفورس کا ایک اور طیارہ مزید 96 شہریوں کو لے کر کراچی پہنچا ہے۔

سنیچر کی صبح پاکستان کی فضائیہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ’پاک فضائیہ نے اپریل کے وسط سے مسلح تصادم کی وجہ سے تباہ حالی کے شکار سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلاء کا تیسرا مشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔‘

بیان کے مطابق پاک فضائیہ کا سی-130  طیارہ سوڈان سے مزید 96 پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لے کر واپس کراچی پہنچا۔

اس طرح تنازع زدہ علاقے سے ایئرلفٹ کیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 355 ہو گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ہدایت پر پی اے ایف کا ٹرانسپورٹ جہازوں کا بیڑہ مکمل پیشہ ورانہ مہارت اور اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو فوری طور پر بحفاظت پہنچانے کے عزم سے لبریز انخلاء کے مشنوں کو کامیابی سے انجام دے رہا ہے۔‘

ایئرفورس کے مطابق ’پاک فضائیہ کے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلاء کے کامیاب مشن کو حکومت پاکستان اور عوام نے بے حد سراہا ہے۔‘

خیال رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر کے شہریوں کو سوڈان سے نکالنے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کر رہا ہے اور اب تک 80 ملکوں کے تین ہزار سے زائد باشندوں کو بحری اور فضائی راستوں سے بحفاظت مملکت پہنچا چکا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More