نئی دہلی: بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا نے ایک ہزار پائلٹس اور ٹرینرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے باقاعدہ میڈیا میں اشتہار جاری کردیا ہے۔
بھارت کے مؤقر انگریزی اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایک ہزار پائلٹس اور ٹرینرز کی بھرتی کا فیصلہ 470 نئے جہازوں کی خریداری کا آرڈر دینے کے بعد کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ایئر انڈیا کے پاس 1800 سے زائد پائلٹس ہیں لیکن کمپنی نے بوئنگ اور ایئر بس تیار کرنے والے اداروں کو 470 سے زائد نئے جہازوں کا آرڈر دیا ہے جنہیں اڑانے کے لیے نئے پائلٹس درکار ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کو ممتاز کاروباری ادارے ٹاٹا گروپ نے خرید لیا تھا۔
میڈیا کے مطابق نئے پائلٹس اور ٹرینرز کی بھرتی کے لیے شائع ہونے والے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنے اے 320، بی 777، بی 787 اور بی 737 کے بیڑے میں کپتانوں، فرسٹ آفیسرز اور ٹرینرز کے لیے زیادہ مواقع فراہم کریں گے اور ترقی کی رفتار بھی بڑھائیں گے۔
ٹاٹا گروپ کی اس وقت چار ایئر لائنز ہیں جن میں ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس، آے آئی ایکس کنیکٹ اور وستارا شامل ہیں۔
5G کے خطرناک اثرات، امریکی پروازیں معطل
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ٹاٹا گروپ ایئر انڈیا ایکسپریس اور اے آئی ایکس کنکٹ سمیت وستارا کو ایئر انڈیا میں ضم کرنے کے مرحلے میں ہے۔