جیا خان کو خودکشی پر اُکسانے کے مقدمے میں اداکارہ کے دوست سورج پنچولی 10 سال بعد بری

بی بی سی اردو  |  Apr 28, 2023

Getty Images

ممبئی کی عدالت نے اداکار سورج پنچولی کو اپنی دوست اداکارہ جیا خان کو خودکشی پر اُکسانے کے مقدمے میں بری کر دیا ہے۔

سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے یہ فیصلہ جیا خان کی موت کے تقریباً ایک دہائی بعد 28 اپریل (آج) کو سنایا ہے۔

20 اپریل کو خصوصی جج اے ایس سید کی عدالت نے اس مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

25 سالہ جیا خان تین جون 2013 کو ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔

اس معاملے میں جیا کے بوائے فرینڈ سورج پنچولی پر انھیں خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ ابتدا میں انھیں گرفتار کیا گیا لیکن پھر ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

سورج پر 2018 میں باقاعدہ فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم انھوں نے تمام الزامات سے انکار کیا تھا۔

جیا نے خودکشی سے قبل چھ صفحات کا خط لکھا تھا، جس کی بنیاد پر پولیس نے سورج کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا۔

Getty Images

خط میں جیا خان نے سورج پنچولی کے ساتھ اپنے سنجیدہ تعلقات، ہراسانی اور ذہنی و جسمانی اذیت کے بارے میں لکھا تھا۔

سی بی آئی نے کہا کہ اس خط میں جیا نے الزام لگایا کہ اس نے ہراسانی سے تنگ آ کر خودکشی کی ہے۔

سنہ 2021 میں سیشن کورٹ نے کہا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات سی بی آئی نے کیں اس لیے یہ معاملہ اس کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، جس کے بعد اسے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے حوالے کر دیا گیا۔

جیا کی والدہ رابعہ خان نے سی بی آئی عدالت کو بتایا تھا کہ سورج جیا کے ساتھبدسلوکی کے ساتھ ساتھ نازیبا الفاظ کا استعمال کرتا تھا۔

رابعہ خان نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ پولیس اور نہ ہی سی بی آئی نے کوئی ثبوت اکٹھے کیے کہ ان کی بیٹی نے خودکشی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ممبئی: اداکارہ جیا خان فلیٹ میں مردہ پائی گئیں

جیا خان کیس میں سورج پنجولی گرفتار

وہ فلمی ستارے جنھوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ اپنے ہاتھوں کیا

Getty Images

انڈین نژاد امریکی جیا خان نے انگریزی ادب اور پھر اداکاری کی تعلیم حاصل کی تھی۔ ان کی فنی زندگی میں اہم موڑ اس وقت آیا جب 2007 میں بالی وڈ کے ہدایت کار رام گوپال ورما نے انھیں امیتابھ بچن کے مقابل اپنی فلم 'نشبد' میں مرکزی کردار دیا۔

اس وقت جیا کی عمر صرف 18 سال تھی اور فلم کے مقبول ہونے کے بعد انھیں بالی وڈ میں ایک نئی شناخت ملی۔

اس فلم کا موضوع بہت حساس تھا اور جیا نے اس فلم میں بہت بولڈ اداکاری کی تھی۔ اس فلم کے لیے انھیں فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

اس کے بعد انھوں نے عامر خان کے ساتھ سپرہٹ فلم ’گجنی‘ میں بھی کام کیا۔ ان کی آخری فلم ’ہاؤس فل‘ تھی جس میں وہ اکشے کمار کے مدمقابل نظر آئی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More