پاک سوزوکی کا ایک ہفتے کیلئے پروڈکشن پلانٹ بند کرنے کا اعلان

ہم نیوز  |  Apr 27, 2023

پاک سوزوکی نے ملک بھر میں انوینٹری کی قلت کے باعث ایک ہفتے کیلئے پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان میں موٹر گاڑیوں کی سب سے بڑی کمپنی پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے 2 سے 9 مئی تک موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا پروڈکشن پلانٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ایک نوٹس کے مطابق انوینٹری کی قلت کے سامنے کی وجہ سے پلانٹ کی بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاک سوزوکی کو سہ ماہی بنیادوں پر 13 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں 46 کروڑ روپے کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پاک سوزوکی کی فروخت جنوری سے مارچ کے درمیان کم ہو کر 22 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 47 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاک سوزوکی نے اپنا موٹر سائیکل پلانٹ 15 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی ذرائع نے بتایا تھا کہ ایل سی کھلنے پر پابندی اور انوینٹری کی قلت کے باعث پلانٹ بندش کی تاریخ میں 15 اپریل تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔

اسی کے ساتھ ساتھ آٹو مینوفیکچرر پلانٹ بھی 7 سے 14 اپریل تک بند رکھے جانے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری طرف حال ہی میں ہونڈا اٹلس کمپنی کی جانب سے بھی رواں مالی سال میں اپنے طویل ترین پلانٹ کی بندش میں 15 دن کی توسیع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ کمپنی ذرائع کے مطابق اس کی وجہ ملک کے معاشی بحران، درآمدات کیلئے ایل سیز اور غیر ملکی ادائیگیاں روکنے کو قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More