ماں کی خدمت نہ کرنے پر تین بھائیوں کی بیویوں کو بیک وقت طلاق

ہم نیوز  |  Apr 27, 2023

مصر کے معروف سیاحتی علاقے الاقصر میں پیش آنے والے ایک واقعے نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

اس علاقے میں تین سگے بھائیوں نے اپنی بیویوں کو ایک ہی وقت میں ایک ہی وجہ سے طلاق نامے تھما دیے۔ الامارات الیوم کے مطابق الاقصر کمشنری کے جس قریے میں اجتماعی طلاق کا واقعہ پیش آیا وہ قدامت پسند مانا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تینوں بھائیوں نے بیویوں کو اپنی ماں کی خدمت مطلوبہ طریقے سے نہ کرنے پر طلاق دی ہے۔ تینوں بھائیوں کی بہن ہفتے میں دو دن اپنی ماں کی خدمت کے لیے آیا کرتی تھی تاہم اپنے شوہرکی بیماری کی وجہ سے وہ ان دنوں ماں کی خدمت کے لیے نہیں آ پا رہی تھی۔

طے پایا تھا کہ بھائیوں کی بیویاں والدہ کے مختلف کاموں میں مدد کریں گی۔ تینوں نے اپنی بیویوں کو اس حوالے سے تاکید کر دی تھی مگر عید کے موقع پر جب تینوں بھائی گھر لوٹے تو محلے کی ایک بوڑھی خاتون ان کی ماں کو نہلا رہی تھی۔

یہ دیکھتے ہی تینوں آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔ انہوں نے اپنی بیویوں کے رشتہ داروں کو فون کر کے کہا کہ ان کی بیٹیوں کے لیے ہمارے یہاں کوئی جگہ نہیں اور وہ انہیں ہمارے یہاں سے لے جائیں۔

اجتماعی طلاق کی خبر پورے علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ لوگوں کو اس حوالے سے حیرانی ہوئی کیونکہ تینوں کی شادی کا یہ پہلا سال تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More