پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں سیاسی کشیدگی کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کے ساتھ ساتھ عام انتخابات کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں جبکہ ٹکٹوں کیلئے ریٹس بھی سامنے آگئے ہیں۔
سما ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات کیلئے ایم این اے کا فارم 2 لاکھ روپے جبکہ ایم پی اے کیلئے ایک لاکھ روپے کے عوض تحریک انصاف کا فارم ملے گا۔
پی ٹی آئی کے الیکشن ہیڈ سیل سندھ فردوس شمیم نقوی زیادہ فیس سے غریب پارٹی ورکر کی حوصلہ شکنی کے خدشات کے پیش نظر پارٹی کے فیصلے کی مخالفت کردی۔
واضح رہے کہ ملک میں ان دنوں سیاسی بحران جاری ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد دونوں صوبوں میں الیکشن معمہ بن چکے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے 14 مئی کو الیکشن کے احکامات کے بعد پنجاب میں انتخابات کا تاحال کوئی امکان نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے موجود صورتحال میں سپریم کورٹ کا کردار بہت اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ کی نااہلی کا فیصلہ متوقع ہے اور ممکن ہے کہ شہباز شریف کی نااہلی کے بعد پی ڈی ایم حکومت اسمبلیاں تحلیل کرکے ملک میں عام انتخابات کا اعلان کردے۔
پی ٹی آئی نے حالات کے پیش نظر عام انتخابات کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں جس کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کی ٹکٹ کیلئے فیس بھی مقرر کردی ہے۔