متحدہ عرب امارات نے عید سے قبل 325 قیدیوں کو رہا کرکے پاکستانیوں کو عید پر حقیقی خوشی دیدی، رہائی پانے والے شہریوں کے گھروں میں سے پہلے ہی عید کا سماں، اہل خانہ خوشی سے نہال ہوگئے۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے رمضان المبارک میں عید سے قبل معمولی جرائم میں قید 325 پاکستانیوں کو رہا کر دیا ہے ۔رہائی پانے والے افراد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پیاروں کی جیلوں سے رہائی کسی عید سے کم نہیں ، عید سے پہلے امارات حکومت نے قیدیوں کو رہا کرکے ہمیں بڑی عیدی دی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کاکہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی خصوصی درخواست پر متحدہ عرب امارات نے مختلف جیلوں میں قید 325پاکستانیوں کو رہا کیا جس پر اماراتی صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان کے خصوصی شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امارات کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانیوں کو قانونی سروس فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مزید پاکستانیوں کو جیلوں سے رہائی دلوائیں گے۔
واضح رہے کہ عید کے موقع پر پاکستان میں بھی قیدیوں کی سزاؤں میں کمی اور رہائی کا اعلان کیا جاتا ہے جبکہ امارات حکومت نے پاکستان کی درخواست پر معمولی جرائم کی وجہ سے قید پاکستانیوں کو رہا کرکے قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو عید پر حقیقی خوشی دی ہے۔