’سعیدہ امتیاز کی موت کی خبر غیر مصدقہ، بھروسہ نہ کریں‘

اردو نیوز  |  Apr 18, 2023

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر بننے والی فلم ’کپتان دی میکنگ آف اے لیجنڈ‘ میں جمائمہ گولڈ سمتھ کا کردار نبھانے والی اداکارہ سعیدہ امتیاز کی موت کی خبر منگل کو ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ٹویٹ کی گئی لیکن اس خبر کے منظر عام پر آنے کے کچھ گھنٹوں کے بعد اداکارہ کے قانونی مشیر کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ خبر اب تک غیر مصدقہ ہے۔

سعیدہ امتیاز کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جانے والی سٹوری میں کہا گیا تھا کہ ’بوجھل دل اور افسوس کے ساتھ آپ کو اطلاع دی جاتی ہے کہ آج صبح سعیدہ امتیاز انتقال کر گئی ہیں، وہ اپنے کمرے میں مردہ پائی گئیں ہیں۔‘

سعیدہ امتیاز کے آفیشل اکاؤنٹس سے موت کی خبر منظر عام پر آنے کے کچھ دیر بعد ان کے قانونی مشیر نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’سعیدہ امتیاز کی موت کی خبر غیر مصدقہ ہے۔ برائے مہربانی ان کی موت کی خبر پر بھروسہ نہ کریں۔ بحیثیت ان کے قانون مشیر میں سب واضح کردوں گا۔ ان کی صحت کے لیے دعا کریں۔‘

سعیدہ امتیاز کے آفیشل اکاؤنٹس سے اب تک ان کی موت یا زندہ ہونے سے متعلق وضاحتی بیان نہیں جاری کیا گیا۔ ٹوئٹر پر ان کا نام اس وقت بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

سعیدہ امتیاز متحدہ عرب امارات میں پیدا ہوئی تھیں جس کے بعد وہ کچھ عرصے نیو یارک میں بھی مقیم رہیں۔

انہوں نے بطور ماڈل اور اداکارہ پاکستانی انڈسٹری میں میں 2013 سے 2018 تک کام کیا۔

سنہ 2012 میں انہوں نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی زندگی پر بننے والی فلم ’کپتان دی میکنگ آف اے لیجنڈ‘ میں جمائمہ گولڈ سمتھ کا کردار نبھایا۔

اس کے بعد وہ 2018 میں اداکار جاوید شیخ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’وجود‘ میں بھی نظر آئیں۔

اداکارہ نے اس کے علاوہ ’ریڈ رم آ ٹیل آف مرڈر‘ اور’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More