قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔
قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے بتایا ہے کہ الیکشن کیلئے فنڈز مختص کردیے ہیں لیکن یہ پیسے حکومت پاکستان کے ہیں۔ فنڈز مختص کرنے سے پیسے اکاؤنٹ میں ہی موجود رہیں گے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کو 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔
دوسری طرف آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں الیکشن فنڈ کا معاملہ قومی اسمبلی میں بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے کہا ہے کہ معاملہ کابینہ سے منظوری کے بعد اسمبلی میں لے جائیں۔ وقت تھوڑا ہے، اچھا راستہ نکلے گا۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے پنجاب کے انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی سے معذرت کرلی گئی تھی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث نے کہا تھا کہ ملک کی مکمل مالی صورت حال آپ کے سامنے رکھ دی ہے۔ ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں مالی خسارہ ہدف میں رکھنے کے پابند ہیں۔