معاملہ حساس نوعیت کا ہے، تحقیقات ہونی چاہئیں، جے یو آئی کا مطالبہ

ہم نیوز  |  Apr 16, 2023

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو حادثے کے معاملے پر جے یو آئی رہنما حاجی قدرت اللہ نے تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کرادی۔

جے یو آئی رہنما نے درخواست میں لکھا کہ وفاقی وزیر مذہبی امورعبدالشکور میرے گھر افطاری کیلئے آئے تھے۔ افطاری کے بعد 8 بجے وفاقی وزیر اپنی رہائش گاہ لاجز کی جانب روانہ ہوئے جس کے بعد رات 10 بجے کے قریب میرے نمبر پر کال کرکے اس افسوس ناک حادثے کا بتایا گیا۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے، مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ تیز رفتار گاڑی نے انتہائی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مولانا صاحب کی گاڑی کو ہِٹ کیا۔ تیز رفتار گاڑی میں سوار تمام افراد کی تحقیقات اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر ایک گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ شدید زخمی ہونے کے باعث مفتی عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو پیش آئے حادثے کی ابتدائی رپورٹ ٹریفک پولیس نے تیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ آئی جی اسلام آباد کو بھیج دی گئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More