پنجاب الیکشن: سپریم کورٹ کا سٹیٹ بینک کو 17 اپریل تک 21 ارب روپے فراہم کرنے کا حکم

اردو نیوز  |  Apr 14, 2023

سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو 17 اپریل تک فنڈز مہیا کرنے کا حکم دیا ہے۔

جمعے کی اِن چیمبر سماعت کا نو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک کے مطابق 21 ارب روپے پیر تک منتقل ہو سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے الیکشن فنڈز فراہمی کی تعمیلی رپورٹ 18 اپریل کو طلب کر لی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پیر کو فنڈز منتقل کیے جائیں اور 18 اپریل کو رپورٹ جمع کرائی جائے۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کے مختلف اکاؤنٹس میں ایک کھرب 40 ارب سے زیادہ فنڈز موجود ہیں۔

دوسری جانب جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے لیے 21 ارب روپے کا فنڈ دینے کا بل مسترد کر دیا تھا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے بِل پر بحث کی گئی۔

اس موقع پر سینیٹر محسن وزیر نے کہا کہ ’انتخابات کے لیے ہمیشہ کنسولیڈیٹد فنڈ سے رقم جاری کی جاتی ہے اور گزشتہ 75 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس طرح کا کوئی بِل پارلیمنٹ میں آیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اس بارے میں اگر آئی ایم ایف کی کوئی شرط ہے تو بتایا جائے۔ 

کمیٹی کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے تفصیلات میں بتایا کہ ’بجٹ میں پانچ ارب روپے کی گنجائش تھی لیکن انتخابات کے لیے 21 ارب روپے مانگے جا رہے ہیں۔‘

اس موقع پر سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ’یہ آئین میں ترمیم کا معاملہ ہے جو ہم نہیں کرسکتے، اس لیے یہ ادائیگی اب بھی کنسولیڈیٹڈ فنڈز سے کی جائے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More