حکومت کا الیکٹرک بائیکس اور رکشوں کے لیے قرض کا اعلان

اردو نیوز  |  Apr 13, 2023

حکومت کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکٹرک بائیکس اور رکشوں کی فروخت بڑھانے کے لیے ’وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون‘ کے تحت نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

جمعرات کو فنانس ڈیویژن سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ’وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون‘ کے تحت لوگوں کو الیکٹرک بائیکس اور رکشوں کے لیے بلا سود پانچ لاکھ تک کا قرض دیا جائے گا۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ قرض واپس کرنے کی معیاد تین سال ہو گی اور سکیم کے پہلے حصے میں موجودہ مالی سال میں 15 ہزار تک الیکٹرک بائیکس اور رکشوں کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب وزارت صنعت و پیدوار اور ’وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون‘ کی ٹیموں کو اس سکیم کے ضوابط طے کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مختلف محکموں کے لیے سپلیمینٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے جس میں ضلع خانیوال میں ریلوے انڈرپاس کے منصوبے کے لیے 26 کروڑ 10 لاکھ بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کمیٹی کی جانب سے وزارت ہاؤسنگ اور تعمیرات کو سپریم کورٹ کی بلڈنگ، ججوں کے گھروں، ریسٹس ہاؤسز اور دیگر عدالتی دفاتر کی مرمت کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت خارجہ کو بجلی کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 22 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More