سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر ہو گئیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن ،جسٹس منیب اختر اورجسٹس مظاہر علی نقوی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک ، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بھی بینچ میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
درخواست گزار نےموقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے رولز بنانےکا اختیار صرف سپریم کورٹ کو حاصل ہے، پارلیمنٹ کی سپریم کورٹ رولز میں تبدیلی غیرقانونی ہے، سپریم کورٹ سے متعلق قانون سازی بدنیتی پر مبنی ہے، آرٹیکل 70 کے تحت ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود نہیں کیے جاسکتے، درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ ایکٹ کو غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے۔
سپریم کورٹ میں درخواست آرٹیکل 184/3 کے تحت دائرکی گئی ہے۔
دوسری جانب وکیل سعید آفتاب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کو چیلنج کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو کالعدم قراردینےکی استدعا کی گئی تھی۔