شوہر مر گئے،81 سالہ سہیلیاں دنیا گھومنے نکل گئیں

ہم نیوز  |  Apr 10, 2023

امریکہ کی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی دو 81 سالہ خواتین نے 80 دن میں پوری دنیا کا سفر کرکے دنیا کو حیران کردیا ہے۔

81 سالہ ڈاکیومنٹری فوٹوگرافر ایلی ہیمبے اور 81 سال کی ہی لیکچرار سینڈے ہیزلیپ نے عمر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سخت اور دشوار گزار راستوں کو عبور کرتے ہوئے دنیا کی سیر کر ڈالی۔

دونوں دوستوں نے 11 جنوری کو اپنے سفر کا آغاز کیا اور پہلا پڑاؤ انٹارکٹیکا میں کیا، انہوں نے برفانی راستوں اور سخت سردی کے باوجود اپنے سفر کو یادگار بنا دیا۔

دونوں دوست خواتین نے سات براعظموں کے اٹھارہ ممالک کا سفر کیا اور دنیا کے بہترین مقامات کی سیر کی اور ان خوبصورت لمحات کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا۔

سینڈے کا کہنا تھاکہ 1999ء میں شوہر کے انتقال سے قبل ایلی سے میری پہلی ملاقات ہوئی، انہوں نے بتایا کہ ہم دونوں کے شوہر زیمبیا کے میڈیکل مشن پر ایک ساتھ کام کرتے تھے۔

ایلی کے شوہر کا انتقال 2005 میں ہوا، اس کے بعد یہ دونوں خوتین بہترین دوست بن گئیں، دونوں کو دنیا گھومنے اور سفر کرنے کا شوق تھا۔

دونوں نے کچھ ممالک کا ایک ساتھ سفر بھی کیا اور اس دوران انہوں نے فیصلہ کیا کہ جب وہ 80 سال کی ہوں گی تو وہ 80 دن میں دنیا گھومنے کے لئے جائیں گی۔

دونوں خواتین نے 2022 میں 80 ویں سالگرہ منائی لیکن کورونا پابندیوں کی وجہ سے وہ اپنے منصوبے پر عمل نہ کر سکیں لیکن رواں سال انہوں نے اپنے خواب کی تکمیل کر لی۔

گزشتہ 3 ماہ کے اپنے سفر میں دونوں نے انٹارکٹیکا کے گلیشیئرز سے لے کر مصر کے ریگستان اور نیپال کے پہاڑوں تک سیر کی، ایلی اور سینڈے نے اپنے اس یادگار سفر کو اپنے آنجہانی شوہروں کے نام کر دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More